لاہور( اباسین خبر)وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا مسئلہ فوری حل ہونا چاہیے، اور اس کے لئے سیاستدانوں کو جماعتوں سے بالاتر ہو کر ملک کے مفاد میں سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اس مسئلے کے حل کے لئے ان کیمرہ اجلاس کی تجویز دی ہے اور امید ہے کہ اس پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ جب تک کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہیں ہوتا، چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں تاکہ نہروں کی کمی کو پورا کیا جا سکے اور بجلی کی پیداوار بھی حاصل کی جا سکے۔ چھوٹے ڈیمز سے 30 میگا واٹ تک بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے، اور ہمسایہ ممالک گوادر کی ترقی کے مخالف ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے چوہدری شجاعت حسین ماضی کی طرح اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بات چیت کی جانی چاہیے، اور دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاستدانوں کو ملک کے مفاد میں اکٹھا ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو بھی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا کے ان دس ممالک میں شامل ہو جہاں امن و امان کی صورتحال مثالی ہو۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی بدولت ملک کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آئی ایم ایف کے قرضوں سے نجات کے لئے کوششیں کر رہے ہیں تاکہ پاکستان ترقی کر سکے۔ پنجاب حکومت عوام کی بہتری کے لیے نئے پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے اور مسلسل محنت کر رہی ہے۔
دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا مسئلہ پر سیاستدانوں کو جماعتوں سے بالاتر ہو کر ملک کے مفاد میں سوچنا ہوگا: چوہدری شافع حسین
10