کوئٹہ( اباسین خبر)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی قیمتی معدنیات پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہیں، اور ان کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لانا ضروری ہے۔ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ معدنیات کی پروسیسنگ پلانٹس کے قیام کے ذریعے صوبے کی قدرتی وسائل کی قدر میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں مائنگ سیکٹر کو وفاقی سطح پر انڈسٹری کا درجہ دینے سے غربت، احساس محرومی اور بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے “پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025” کی کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے، ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور دیگر اقتصادی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔گورنر نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ بلوچستان کے صنعتکار اور تاجر اپنے کاروباری سرگرمیوں کو پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت معدنیات سمیت دیگر شعبوں جیسے تعلیم، صحت، انرجی، زراعت اور لائیو اسٹاک تک پھیلائیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں پروسیسنگ پلانٹس قائم نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے بلوچستان ویلیو ایڈڈ فوائد سے محروم رہا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ صنعتکاروں کو ملک کے اندر اور باہر تجارتی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو۔ گورنر مندوخیل نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں بین الاقوامی شہرت یافتہ تاجروں کی کمی نہیں ہے، اور ان کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کر کے بلوچستان کو معدنیات کی تلاش، پروسیسنگ یونٹس کے قیام اور سرمایہ کاری کے ایک اہم مرکز کے طور پر پوزیشن دینے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
بلوچستان کی قیمتی معدنیات پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہیں:گورنر بلوچستان
9