کراچی ( اباسین خبر)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کے کیسز کی تحقیقات کے حوالے سے 24 اپریل تک پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس ظفر احمد راجپوت نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ ہر لاپتہ شخص کی درخواست کے ساتھ شناختی کارڈ اور فون نمبرز حاصل کیے جائیں، کیونکہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود یہ بنیادی معلومات تفتیشی افسران کی جانب سے حاصل نہیں کی جا سکیں۔جسٹس ظفر راجپوت نے کہا کہ موبائل فون کسی بھی شہری کی لوکیشن معلوم کرنے کے لیے انتہائی اہم ڈیوائس ہے اور اس کا استعمال تفتیش میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔آج کی سماعت میں کراچی کے علاقے اقبال مارکیٹ سے لاپتہ نرس کی بازیابی سے متعلق درخواست بھی زیرِ سماعت آئی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ لاپتہ خاتون کے کوائف معلوم کیے جا رہے ہیں اور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم، عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ پسند کی شادی کے پہلو کو بھی مدنظر رکھا جائے اور موبائل فون ڈیٹا سے مدد لی جائے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ موبائل فون کا نمبر فراہم نہیں کیا گیا، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آیا آپ نے اس نمبر کو حاصل کرنے کی کوشش کی؟
سندھ ہائی کورٹ کا لاپتہ افراد کی تحقیقات میں پیش رفت رپورٹ طلب
10