پشاور( اباسین خبر)خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 37.37 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے ہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں کیپرا نے 26.58 ارب روپے اکٹھے کیے تھے، جبکہ اس سال محاصل میں 10.79 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔کیپرا کے ترجمان کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 28.8 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں 8.57 ارب روپے کے محاصل جمع کیے گئے۔ گزشتہ مالی سال میں یہ رقم سیلز ٹیکس آن سروسز کے لیے 22.8 ارب اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کے لیے 3.74 ارب روپے تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال میں سیلز ٹیکس میں 26 فیصد جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس میں 129 فیصد اضافہ ہوا۔ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے ادارے کے افسران اور عملے کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اگر یہی جوش و جذبہ برقرار رہا تو جون کے اختتام تک ہم نہ صرف مقررہ 47 ارب روپے کے ہدف کو حاصل کریں گے بلکہ اس سے زائد محاصل بھی جمع کریں گے۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے کیپرا پر اعتماد کیا اور بھرپور تعاون فراہم کیا۔انہوں نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی رہنمائی اور تعاون سے کیپرا کو مثر حکمت عملی اختیار کرنے میں مدد ملی اور ادارہ اپنے اہداف کے قریب پہنچا۔
کیپرا کی مالی کامیابی، 9 ماہ میں محاصل میں 41 فیصد اضافہ، 37.37 ارب روپے جمع
8