وا شنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر امریکہ میں عائد کی گئی پابندی کی مدت کو دوسری بار 75 دن کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق، ٹک ٹاک کو دی گئی اضافی مہلت 5 اپریل کو ختم ہو رہی تھی، لیکن صدر ٹرمپ نے اس پر پابندی کی مدت میں مزید 75 دن کا اضافہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے ‘ٹرتھ سوشل میڈیا’ پر پوسٹ میں بتایا کہ ٹک ٹاک کی فروخت کے معاملات ابھی تک مکمل نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا۔اب ٹک ٹاک کو جون کے وسط تک اپنی امریکی سروسز کسی امریکی شہری یا کمپنی کو فروخت کرنا ہوں گی، ورنہ اسے امریکہ میں بند کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ پابندی کی مدت کو ایک اور بار بڑھا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ امریکی حکومت نے قومی سلامتی کے خطرات کے پیش نظر ٹک ٹاک کی امریکی سروسز کو امریکی شہری یا کمپنی کو فروخت کرنے کے لیے قانون بنایا ہے۔ اگر ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز فروخت نہیں کیے جاتے تو اسے امریکہ میں بند کر دیا جائے گا۔یہ قانون 20 جنوری 2025 سے نافذ ہو چکا تھا، لیکن صدر ٹرمپ نے اس پر عائد پابندی کو 75 دن کے لیے معطل کر دیا تھا، جو 5 اپریل کو ختم ہو رہی تھی۔
ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر پابندی مزید 75 دن کے لیے ملتوی کر دی، امریکی سروسز کی فروخت کا آخری موقع
6