اسلام آباد ( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں برآمدات کے اضافے کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور تجاویز پیش کی گئیں۔ شرکا نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کا کریڈٹ معاشی ٹیم کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہوگی، جس کے نتیجے میں اضافی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ اس سے مقامی صنعتوں کو عالمی سطح پر مسابقت حاصل ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ شعبے کے ماہرین کی تجاویز سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ جامع مشاورتی عمل سے پائیدار ترقی کے اہداف جلد حاصل ہوں گے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کا استحکام، مہنگائی میں کمی، شرح سود میں کمی، عالمی اداروں کے اعتماد میں اضافہ اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور ٹیرف پر مذاکرات کے لیے پاکستان کا اعلی سطح وفد بھیجا جائے گا، جس میں معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان شامل ہوں گے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کا کریڈٹ معاشی ٹیم کو جا تا ہے:وزیراعظم
6