پشاور( اباسین خبر)خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور سینیٹر عرفان صدیقی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے نمائندے اپنے بیانات کے ذریعے ملک میں امن کے قیام کے بجائے دہشت گردی کی آگ پر مزید تیل چھڑک رہے ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ “اسامہ بن لادن سے پیسے لے کر سیاست کرنے والے نواز شریف کی کٹھ پتلیاں خیبرپختونخوا حکومت کو طعنے دے کر اپنے ماضی کو چھپا نہیں سکتیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے میں شہباز شریف حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ “تنظیم سازی میں سرعام پکڑے جانے والے شخص کو وزیر مملکت داخلہ بنا دیا گیا۔”ڈاکٹر سیف نے وفاقی حکومت کے نمائندوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “شب برات کے پٹاخے پر بھاگ جانے والے دہشت گردی کے ماہر بن کر فرنٹ لائن پر دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کے شہدا کا مذاق اڑا رہے ہیں۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت کے نمائندوں کی جانب سے شہدا کے خون کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ 2023-24 میں خیبرپختونخوا کے 364 جوان دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، اور وفاقی حکومت کے بیانات ان شہدا کی قربانیوں کی توہین ہے۔ ان کے مطابق، توہین آمیز بیانات دینے والے شہدا کے ورثا سے معافی مانگیں۔
وفاقی حکومت کے نمائندوں کا شہدا کے خون کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کرنا انتہائی شرمناک ہے: ڈاکٹر محمد علی سیف
5