اسلام آباد( اباسین خبر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے باہمی اختلافات کو بھلا کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمارے آبا اجداد کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، اور اس دن ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس ہوتا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان اتحاد، قربانی اور عزم کا دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی کے لیے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا عہد کرنا چاہیے اور اپنے وطن کے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ زبانی جمع خرچ کے بجائے حقیقی معنوں میں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا وقت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سرزمین کی حفاظت ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یوم پاکستان پر قومی یکجہتی کا عہد، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
5