لاہور( ہیلتھ ڈیسک) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ہسپتالوں کے دورے کے بعد غریب مریضوں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے محکمہ صحت نے اہم اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی اور آئی سی یو میں تمام ضروری سرجیکل اور ڈسپوزیبل سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان سامان میں سرنجیز، کینولا، ڈرپ سیٹ، سرجیکل گلووز، سرجیکل ٹیپ، بٹرفلائی نیڈلز اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔اس کے علاوہ، سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی ڈیجیٹل اور مینول فہرستیں آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مریضوں کو شفافیت اور سہولت حاصل ہو۔ شکایات کانٹرز فعال کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ مریضوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔مراسلے میں ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بھی بہتر بنانے کی سخت ہدایت کی گئی ہے، اور ڈیوٹی روسٹر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔یہ تمام فیصلے سپیشل سیکرٹری صحت آپریشنز پنجاب، طارق محمود رحمانی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے۔
پنجاب سرکارکا ہسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں جاری کرنے کا حکم
9