کو ئٹہ ( اباسین خبر)ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے لک پاس کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی مکمل چھان بین شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے مقام کے قریب بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کا دھرنا جاری تھا، لیکن خوش قسمتی سے سردار اختر مینگل اور بی این پی کی تمام سیاسی قیادت اور شرکا محفوظ ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، تاہم بی این پی کی قیادت دھماکے سے محفوظ رہی۔ حکومتِ بلوچستان نے اپیل کی کہ سردار اختر مینگل اور ان کی جماعت حکومت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اس معاملے کی مکمل تفتیش کی جا سکے۔شاہد رند نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ لک پاس کے مقام پر دھرنا شروع ہونے سے قبل حکومت کا سردار اختر مینگل اور ان کی ٹیم سے رابطہ ہوا تھا اور اتفاق کیا گیا تھا کہ حکومتی کمیٹی آج بی این پی کے رہنماں سے ملاقات کرے گی۔ حکومتی کمیٹی راستے میں تھی کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ترجمان نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ سردار اختر مینگل اور ان کی جماعت کے لوگ اس دھماکے میں محفوظ رہے، اور حکومت ڈائیلاگ کے لیے تیار ہے اور اس مقصد کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
بلوچستان حکومت کا واقعے کی چھان بین کا اعلان، خودکش دھماکے میں سردار اختر مینگل اور بی این پی قیادت محفوظ
11