اسلام آباد( اباسین خبر)ترجمان دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان مسلمان معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے عالمی سمٹ کی میزبانی کرے گا۔ترجمان کے مطابق، وزارت تعلیم 11 اور 12 جنوری کو مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم کے چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر سمٹ کا انعقاد کرے گی۔ اجلاس کا مقصد دنیا بھر میں خواتین کی تعلیم کے فروغ میں درپیش مشکلات کا حل تلاش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد خواتین کی تعلیم پر بات چیت کو آگے بڑھانا اور ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے عملی حل فراہم کرنا ہے۔ کانفرنس اعلی سطحی بات چیت اور تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہوگی۔دفتر خارجہ کے مطابق، تقریب کا افتتاح وزیر اعظم محمد شہباز شریف کریں گے، جو افتتاحی سیشن میں کلیدی خطاب بھی کریں گے۔سمٹ میں 44 ممالک کے وزرا، سفیروں، 150 سے زائد بین الاقوامی شخصیات، سکالرز، ماہرین تعلیم اور عالمی اداروں جیسے یونیسکو، یونیسیف، اور ورلڈ بینک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
پاکستان مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم بارے عالمی سمٹ کی میزبانی کریگا: دفتر خارجہ
2