گوادر( اباسین خبر)پسنی فش ہاربر کے ملازمین اپنے سات ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ہاربر کے مین آفس کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز واپڈا ہائیڈرو یونین کے ضلعی چیئرمین ایل ایس پسنی عابد بلوچ، واپڈا پسنی کے یونین عہدیدار اختر حسین غلام رسول اور واپڈا پاور ہاس کے داد کریم نے پسنی فشریز ہاربر اتھارٹی کے ملازمین کے احتجاجی دھرنا کیمپ کا دورہ کیا اور ملازمین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ان عہدیداروں نے اتھارٹی کے ملازمین کو سات ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کو ظلم و زیادتی قرار دیتے ہوئے ارباب اختیار کے اس رویے کی سخت مذمت کی اور صوبائی حکومت سے فوری طور پر ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔واپڈا ہائیڈرو یونین کے عہدیداروں نے کہا کہ بلوچستان کی مختلف اتھارٹیز میں سے صرف دو اتھارٹیز، جو ساحل مکران سے تعلق رکھتی ہیں، ان کے ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے اور ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جا رہی ہے۔ یہ ملازمین کا معاشی قتل ہے اور صوبائی حکومت کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں جب مہنگائی عروج پر ہے، ملازمین کو نان شبینہ سے محروم رکھنا ایک غیرانسانی عمل ہے۔وفد نے پی ایف ایچ اے کے اسٹاف کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، اور پی ایف ایچ اے اسٹاف کی جانب سے مشتاق احمد قاضی، شاہد سبزل اور رستم علی نے واپڈا ہائیڈرو یونین کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا، پسنی کے مشہور سماجی و سیاسی شخصیات ابراہیم نور محمد اور شوکت جدگال نے بھی احتجاجی دھرنا کیمپ کا دورہ کیا اور اتھارٹی کے ملازمین کو تنخواہ سے محروم رکھنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی فش ہاربر پسنی کی بحالی میں ناکامی کا نزلہ غریب ملازمین پر گرانا افسوسناک ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ سات ماہ سے تنخواہیں بند ہونے کے باعث ملازمین نان شبینہ سے محروم ہو گئے ہیں اور ان میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ ملازمین کا صبر جواب دے چکا ہے، اور انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس دیرینہ مسئلے کو فوری طور پر حل کریں تاکہ ناخوشگوار حالات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے پی ایف ایچ اے کے اسٹاف کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
پسنی فش ہاربر ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج
1