کوئٹہ( اباسین خبر) جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی 45 کوئٹہ میں جے یو آئی کے امیدوار عثمان پرکانی کی جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب سپریم کورٹ کے حکم پر پندرہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخاب ہوا، تو ایک بار پھر اسی عمل کو دہرایا گیا۔ فارم 45 میں ان کے امیدوار کی کئی ہزار کی لیڈ کو فارم 47 میں جعلی اعداد و شمار کے ذریعے ختم کر کے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرایا گیا۔مولانا عبدالواسع نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام پر بجلی اور ترقی کا دروازہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سہولتیں فراہم کرے۔ انہوں نے صوبے میں بدامنی اور بے روزگاری کی سنگین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص اپنی حفاظت کے لیے خود ذمہ دار ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ چمن میں افغان بارڈر کی بندش کے خلاف 20 جنوری کو احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا اور پھر 9 فروری کو نوشکی اور تربت، 10 فروری کو چاغی، 11 فروری کو خاران، 12 فروری کو واشک، 13 فروری کو پنجگور، 15 فروری کو گوادر، 17 فروری کو حب چوکی اور لسبیلہ میں احتجاجی جلسے کیے جائیں گے۔مولانا نے کہا کہ ان کا احتجاج عوام کے جذبات کے تحت ہو رہا ہے، اور وہ اپنا حق حاصل کرنے کے لیے آئینی راستہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی، جمہوری اور نظریاتی قوتوں کو مایوس کرکے انہیں بندوق اٹھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، لیکن وہ کسی صورت بھی بندوق نہیں اٹھائیں گے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حلقہ پی بی 45 کے نتائج کا اعلان فارم 45 کے مطابق کیا جائے اور عوام کو بغاوت پر مجبور نہ کیا جائے۔
سیاسی ،جمہوری و نظریاتی قوتوں کو مایوس کرکے بندوق اٹھا نے پر مجبور کیا جارہا ہے،مولاناواسع
1