اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے 2 ارب ڈالر رول اوور کر دیے ہیں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ یو اے ای کے صدر سے ملاقات مفید رہی، جس میں باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اماراتی صدر سے قرض ہدف کے متعلق سرمایہ کاری کی درخواست کی، جس پر شیخ زید النہیان نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ یو اے ای نے جنوری میں واجب الادا 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کا فیصلہ کیا، اور اسحاق ڈار سے درخواست کی ہے کہ وہ سرمایہ کاری کے معاملات کو آگے بڑھائیں۔انہوں نے معاشی سفارتکاری کی کوششوں کے ثمرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معیشت میں استحکام آ رہا ہے اور ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا تاکہ انڈسٹری، زراعت اور ایکسپورٹ کی ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔وزیراعظم نے لوئر کرم میں امن معاہدے کے بعد ڈپٹی کمشنر پر حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے کا مقصد امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا تھا۔ انہوں نے زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ قوم شہدا کی قربانیوں کی معترف ہے۔وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ کے خلاف حکومتی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وزیرداخلہ اور متعلقہ ادارے اس مکروہ دھندے کے خاتمے کے لیے پوری یکسوئی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر رول اوور کر دیئے: وزیراعظم شہباز شریف
2