لاہور( اباسین خبر)پنجاب پولیس کو خوارجی دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پنجاب پولیس نے خیبرپختونخوا بارڈر کے قریب خوارجی دہشت گردوں کے ٹھکانے مسمار کر دیئے۔پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ڈیرہ غازی خان میں خیبرپختونخوا بارڈر ایریا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بستی جادے والی میں مشترکہ آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے بھاری اسلحہ سے پولیس پر حملہ کیا۔ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہو کر جھاڑیوں میں پناہ لیتے ہوئے پہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے خیبرپختونخوا بارڈر پر خوارجی دہشت گردوں کے دو ٹھکانے مسمار کر کے جلا دیے۔ آپریشن کے دوران تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے، اور سرحدی علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کے ٹھکانے مسمار کرنے پر ڈی جی خان پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے 2024 میں خوارجی دہشت گردوں کے 18 حملے ناکام بنائے، اور پنجاب پولیس دہشت گردوں اور شرپسندوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہے۔
پنجاب پولیس کا خیبرپختونخوا بارڈر کے قریب آپریشن، خوارجی دہشتگردوں کے ٹھکانے مسمار
1