کوئٹہ( اباسین خبر) صوبائی اسمبلی کی رکن فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کے ویژن کے مطابق معاشرے کے غریب اور نادار افراد کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کوئٹہ میں جاری سرد لہر اور برفانی ہواں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موسم کی شدت نے عام زندگی کو سست کر دیا ہے، اور محنت مزدوری کرنے والے افراد گرم کپڑوں کی کمی کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کا انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، خصوصا بچے، بوڑھے اور خواتین اس سردی کی لہر کا زیادہ شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز کوئٹہ میں سریاب سے تعلق رکھنے والے غریب مستحقین میں گرم کپڑے، شالیں، جیکٹیں، بچوں کے لیے گرم لحاف اور کمبل تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مستحق افراد نے ایم پی اے فرح عظیم شاہ کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ اس امدادی کام کا دائرہ بڑھایا جائے تاکہ مزید لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بے سہارا اور غریب خاندانوں میں موسم سرما میں گرم کپڑے تقسیم کرنا ایک انسانی فریضہ ہے۔ یہ کارِ خیر صرف اللہ کی رضا کے لیے نہیں بلکہ دل کو سکون دینے والا عمل ہے۔ سردی کی شدید لہر نے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے، اور خاص طور پر چھوٹے بچے اور بزرگ افراد کی حالت قابل رحم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور بے سہارا افراد کا خیال رکھنا انسانیت کے احترام کا حصہ ہے۔ وہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق غریب مستحقین کی مدد کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتی ہیں۔
معاشرے کے غریب نادار مستحق لوگوں کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے، فرح عظیم شاہ
1