کوئٹہ( ابا سین خبر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ جب اقوام متحدہ کی تشکیل ہوئی تھی تو دنیا میں ملکوں کی تعداد سو سے بھی کم تھی، مگر آج دنیا بھر میں نئے ملک بنتے جا رہے ہیں اور مختلف قومیں آزادی حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی اپنی بے انصافیوں اور ظلم کے نتیجے میں دولخت ہو چکا ہے، اور بنگالیوں نے اپنا آزاد ملک بنالیا ہے۔ آج وہ معاشی، سیاسی طور پر پاکستان سے مضبوط ہیں اور ٹیکسٹائل میں دنیا کے کئی ممالک کا مقابلہ کر رہے ہیں۔نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں مسلسل مداخلت کاریوں کی وجہ سے ہم نے عالمی سطح پر خود کو تنہا کر لیا ہے اور اب خطہ ایک بار پھر عالمی طاقتوں کا میدان جنگ بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور امریکہ کی جنگ میں افغان پشتون جلتے رہے، اور اب چین اور امریکہ کی جنگ میں یہاں کے پشتون جل جائیں گے۔ انہوں نے حکمرانوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر عقل کے ناخن نہ لئے گئے تو ملک کی بربادی یقینی ہے۔نواب محمد ایاز خان نے کہا کہ پشتونخوا کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے جرگے کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے بتائے گئے راستوں پر چل کر مسائل کا حل نکالنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں پشتونوں کی آواز نہیں سنی جاتی کیونکہ وہاں عوام کی حقیقت بیان کرنا پسند نہیں کیا جاتا۔ پشتونوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باوجود انہیں ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، اور ان کے رزق کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ غربت اور بھوک سے اتنے مجبور ہو جائیں کہ کسی بھی پراکسی جنگ کا ایندھن بنیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پشتون اللہ کی جانب سے غریب نہیں ہیں، بلکہ اللہ تعالی نے انہیں قیمتی معدنیات سے بھرپور زمین دی ہے۔ اس کے باوجود پشتون محنت مزدوری کے لئے دیار غیر میں ہیں یا پھر کچرہ دانوں میں کچرہ چننے پر مجبور ہیں۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ آج پشتونوں کو ان کے اپنے وطن میں اپنے معدنیات نکالنے کے لئے مزدور کی حیثیت سے کام کرنا پڑتا ہے۔ وہ اپنے آبا اجداد کی خون سے سینچی ہوئی زمین پر کام کر رہے ہیں، لیکن دیگر قومیں آکر ان کی زمینیں حاصل کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشتونوں میں اتفاق کی کمی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ ان کی زمینیں اور وسائل دوسرے لوگوں کے ہاتھوں میں جا رہے ہیں۔ نواب محمد ایاز خان نے کہا کہ اگرچہ پشتونوں کو ملک کی عدالتوں سے انصاف کی توقع کم ہوتی جارہی ہے، لیکن ان کا عزم ہے کہ وہ اپنے چھوٹے مسائل حل کرنے کے لیے اپنے جرگے اور معتبر مشران کے ذریعے فیصلے کریں گے۔نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ انہوں نے قلعہ عبداللہ کی دشمنیوں میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے اور اس علاقے کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب انہوں نے نوابی کی دستار پہنی تو ان کا سب سے پہلا فیصلہ تھا کہ عورتوں کو بدی اور دشمنی میں نہیں دیا جائے گا، بلکہ انہیں جائیدادوں میں حصہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج پشتونوں کو مختلف سماج دشمن عناصر کے ذریعے نشہ اور دیگر برائیوں میں ملوث کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی نئی نسل کو قومی تحریک اور سیاسی جدوجہد سے دور کیا جا سکے۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے اس بات پر زور دیا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے اس خطے کی چوکیداری کا بیڑا اٹھایا ہے اور وہ ہمیشہ پشتونوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔انہوں نے جنوبی پشتونخوا کے بارے میں کہا کہ وہاں کے لوگ تیسرے درجے کے شہری بن کر زندگی گزار رہے ہیں، کیونکہ صوبے کی تمام وزارتوں اور بجٹ پر قابض افراد بلوچ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چمن کے مسئلے پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے، جہاں لوگوں کے جائز کاروبار چھینے جا رہے ہیں اور غیر آئینی فیصلے مسلط کیے جا رہے ہیں۔
چین اور امریکہ کی جنگ میں یہاں کے پشتون جل جائیں گے، نواب ایاز جوگیزئی
1