لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران زخمی ہونے والے قومی کرکٹر صائم ایوب کو علاج کے لیے فوری طور پر لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی کے مطابق، محسن نقوی نے ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا اور صائم ایوب سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے صائم ایوب کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین پی سی بی کے مطابق، لندن کے سپورٹس آرتھوپیڈک ماہر ڈاکٹرز صائم ایوب کا معائنہ کریں گے، اور ان کی ملاقات کی اپوائنٹمنٹ طے کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹر ممریز صائم ایوب کے علاج کی نگرانی کر رہے ہیں اور ان کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھیج دی گئی ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ صائم ایوب کا علاج دنیا کے بہترین ہسپتال میں کرایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا صائم ایوب کو علاج کیلئے فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ
4