کراچی ( کامرس ڈیسک)پاکستان کو عالمی بینک سے 40 ارب ڈالرز تک کے قرضے ملنے کا امکان ہے، جس میں 20 ارب ڈالر عالمی بینک کی جانب سے دیے جائیں گے، جبکہ باقی 20 ارب ڈالرز کے لیے عالمی بینک کے دو ذیلی ادارے پاکستان کی معاونت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک پاکستان کو 10 سال کے عرصے میں 20 ارب ڈالرز قرض دینے کے لیے رضامند ہو گیا ہے، اور اس قرض کی منظوری رواں ماہ کے وسط میں عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے متوقع ہے۔ قرض کی منظوری کے بعد عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریسر کا اسلام آباد کا دورہ بھی متوقع ہے۔قرض پروگرام کے تحت 10 سال کے اہداف طے کیے گئے ہیں اور یہ قرض کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 2025-2035 کے تحت دیا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستان کے سب سے زیادہ نظرانداز کیے گئے اہم شعبوں کی بہتری پر توجہ دینا ہے اور اس کے تحت ہونے والے منصوبوں کو سیاسی تبدیلیوں سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق عالمی بینک کے دو ذیلی ادارے 20 ارب ڈالرز کے نجی قرضوں کے حصول میں معاونت کریں گے، جس سے مجموعی پیکیج 40 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔
ملکی معیشت کے لیے اچھی خبر، پاکستان کو 40 ارب ڈالرز تک قرض ملنے کا امکان
5