اسلام آباد( اباسین خبر)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امن دشمنوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔صدر آصف علی زرداری نے کرم میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے دشمن شرپسند عناصر فساد پھیلانا چاہتے ہیں، مگر عوام ان کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی مذمت کی اور زخمیوں کے لئے صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن امن و امان میں خلل ڈالنے والے اور انسانیت کے دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف سرگرم ہیں۔
کرم فائرنگ، امن دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے: صدر، وزیراعظم
5