لاہور( اباسین خبر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو اب کسی سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے تاکہ اسے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب یہ نہیں کہ نفرتیں پھیلائی جائیں، بلکہ ملک تب ترقی کرتا ہے جب مثبت قوتیں ابھرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر خلوص نیت سے صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، اور اگر دوسری فریق ڈائیلاگ کرے گا تو اچھے نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے دہشت گردی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی جنگ کا سامنا ہے، جسے گزشتہ حکومت نے ملک میں داخل کیا۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کا فیصلہ کیا گیا ہے اور دہشت گردی سے اسی طرح نمٹا جائے گا جیسے 2013-2017 میں کیا گیا تھا۔احسن اقبال نے کہا کہ اگر ملک میں کسی بھی قسم کی مداخلت ہوگی تو فوج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور ہم قربانیوں کے ذریعے امن کو واپس لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں انہیں انتہا پسندی کا نشانہ بنایا گیا، اور ہمیں نفرت کی گولیوں کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ یہ انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہیں۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سیاسی نظریات مختلف ہو سکتے ہیں، مگر بطور پاکستانی ہمیں ایک دوسرے کو عزت دینی چاہیے اور نوجوان نسل کو ملک کا مستقبل بنانے کے لیے یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2047 میں جب پاکستان اور بھارت اپنی آزادی کا سو سالہ جشن منائیں گے، تو اس وقت ہمیں یہ سوال کرنا ہوگا کہ ہماری نوجوان نسل سرخرو ہو گی یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیاب ملک کی طرح امن، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات اختیار کرنا ہوں گی تاکہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
ملک کو اب کسی سیاسی نہیں معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے: احسن اقبال
3