اسلام آباد( اباسین خبر)حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہو گیا، جس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی سمیت رہنماں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا اور حکومت سے ضمانتوں کے حصول میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی درخواست کی۔ کمیٹی نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی بھی تجویز دی۔پی ٹی آئی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے چارٹر آف ڈیمانڈ تحریری شکل میں پیش کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے مذاکرات کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری مطالبات کی پیشکش کا خیرمقدم کیا اور بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔مذاکرات میں تیسری نشست کی تاریخ طے کرنے کے لیے پی ٹی آئی کی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اگلے ہفتے تیسری میٹنگ ہو گی جس میں مزید مطالبات کو حتمی شکل دی جائے گی۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اپوزیشن کے مطالبات کو آئین، قانون اور روایات کے تحت دیکھنا ہوگا، اور یہ مطالبات تحریری طور پر موصول ہونے کے بعد ہی ردعمل دیا جائے گا۔
حکومت سے مذاکرات: پی ٹی آئی نے مطالبات پیش کر دیئے، بانی سے ملاقات پر اتفاق
17