کراچی ( اباسین خبر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ شہر کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن سندھ حکومت نے ان میں سے بہت سے مسائل کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے ہائی وے ریسکیو آپریشنز کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر صوبے بھر میں واٹر سپلائی اور نکاسی آب کی اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔مراد علی شاہ نے ریسکیو 1122 کو سندھ کے عوام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے عالمی معیار کی ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کو تقویت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا 2022 میں کراچی میں سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کیا گیا تھا اور آج سندھ میں سیٹلائٹ اسٹیشنز کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ بڑی شاہراہوں، موٹرویز اور قریبی آبادیوں کو ہنگامی خدمات فراہم کی جا سکیں۔وزیراعلی نے اس بات پر زور دیا کہ ریسکیو 1122 سندھ میں ایمرجنسی خدمات کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے اور ورلڈ بینک کی معاونت سے اس منصوبے کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اب یہ مکمل طور پر سندھ حکومت کے محکمہ بحالی کے تحت کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو بین الاقوامی سطح کی تربیت فراہم کی جاتی ہے اور جدید ترین ریسکیو مشینری، آلات اور سامان کی فراہمی کے ذریعے سندھ کے عوام کو اعلی معیار کی ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ اہلکار اور جدید آلات کی مدد سے ایمرجنسی کے دوران قیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی اور ضرورت مند افراد کو بروقت امداد فراہم کی جائے گی۔
کراچی کے مسائل بہت ہیں لیکن ہم نے کافی حل کر دیے، وزیراعلیٰ سندھ
6