کراچی ( اباسین خبر)حکومتِ سندھ کی ترجمان اور رکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید نے کراچی میں ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں کی تعصب، نفرت اور تقسیم کی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی روزانہ منفی پروپیگنڈہ پھیلانے کی کوششیں کر رہی ہیں، مگر یہ کامیاب نہیں ہو سکیں۔سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں پرائمری سے لے کر اعلی ثانوی تعلیم تک مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے سعدیہ جاوید نے کہا کہ نوجوانوں سے کتابیں چھین کر کلاشنکوف تھمانے والوں کا تعلیم پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس بچگانہ جھوٹ اور زہریلی سوچ پر مبنی تھی، جس میں انہوں نے نوجوانوں کو اپنی تعصبانہ سیاست کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، سعدیہ جاوید نے کہا کہ آج کا نوجوان باشعور ہے اور ان کی باتوں میں نہیں آئے گا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی قومی اتحاد، بھائی چارہ، عوامی خدمت اور جمہور کی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔
ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی بدبودار سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، ترجمان سندھ حکومت
6