کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان ایک بار پھر خبروں میں ہیں، اس مرتبہ ایک شخص شاہد رفیق کی جانب سے ان پر فراڈ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، اور اس ویڈیو کا سوشل میڈیا پر وائرل ہو جانا ان الزامات کو مزید نمایاں کر رہا ہے۔شاہد رفیق، جو قطر میں ملازمت کرتے ہیں، نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے ریما خان کی فلم لو میں گم میں سرمایہ کاری کی تھی، لیکن ان کے ساتھ ریما کی جانب سے کروڑوں کا فراڈ کیا گیا۔ شاہد کے مطابق، 2009 میں وہ قطر سے لاہور واپس آئے تھے تاکہ پراپرٹی خرید سکیں، اور اس دوران مائرہ خان (ریما خان کی بہن) نے انہیں فلم میں سرمایہ کاری کا مشورہ دیا تھا۔ مائرہ نے انہیں منافع کی یقین دہانی کرائی، اور اس کے بعد شاہد نے پیسے منتقل کیے۔شاہد کا کہنا ہے کہ مائرہ نے ان کی ریما خان سے ملاقات بھی کروائی، لیکن اس کے بعد مائرہ نے ان سے پلاٹس فروخت کرنے سے انکار کر دیا اور مزید رقم کا مطالبہ کیا۔ شاہد نے کہا کہ بعد میں ریما نے انہیں ملائیشیا بلایا جہاں فلم کی شوٹنگ ہو رہی تھی، اور وہاں بھی رقم کا مسئلہ جاری رہا۔ شاہد نے بتایا کہ فلم مکمل کرنے کے بعد، جب انہوں نے اپنی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا، تو ریما نے ان سے معاہدہ کیا مگر رقم واپس نہیں کی۔شاہد رفیق کا کہنا ہے کہ ان کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں اور انہوں نے ریما کے خلاف کیس دائر کر رکھا ہے، لیکن ریما خان گزشتہ چار سال سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں، جس کی وجہ سے مقدمہ التوا کا شکار ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، صارفین شاہد رفیق کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں اور انہیں قانونی کارروائی مزید تیز کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، جبکہ ریما خان کو شدید تنقید کا سامنا بھی ہے۔
اداکارہ ریما پر کروڑوں کے فراڈ کا الزام، مقدمہ درج
3