پشاور( اباسین خبر)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اعلی حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کرم میں امن معاہدے کے بعد اس طرح کا واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، یہ واقعہ حکومتی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے، مگر ان کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ صوبائی حکومت اور علاقے کے لوگ مل کر ان عناصر کو شکست دیں گے۔ وزیراعلی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان عناصر کی نشاندہی کریں۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اس افسوسناک واقعے سے کرم میں امن کی بحالی کے لئے حکومت اور علاقہ عمائدین کی کوششیں متاثر نہیں ہوں گی، اور حکومت مکمل امن کی بحالی تک اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔
علی امین گنڈاپور کی کرم میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت، رپورٹ طلب
5