کوئٹہ ( اباسین خبر)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جی آئی ایس ٹیکنالوجی سے منسلک ساتویں زراعت شماری کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس افتتاحی تقریب میں صوبائی وزرا، مشیر، پارلیمانی سیکرٹریز، چیف سیکرٹری اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے پاکستان اور بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور درست اعدادوشمار پالیسی سازی کے لیے اہم ہیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے صوبائی سیکرٹریز کو ہدایت دی کہ زراعت شماری کے اعدادوشمار کی تصدیق مقامی سطح پر بھی کی جائے تاکہ غیر مصدقہ معلومات شماریاتی عمل کا حصہ نہ بن سکیں۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت اور پاکستان ادارہ شماریات زرعی ڈیٹا پر مبنی پالیسیوں کے لیے تعاون کریں گے۔پاکستان ادارہ شماریات کے جوائنٹ سینس کمشنر ڈاکٹر نوید اقبال نے اس شماریاتی مہم پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ بلوچستان 7.12 ملین ایکڑ زرعی اراضی پر مشتمل ہے اور اس مہم کے ذریعے اہم زرعی ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ زراعت شماری کے تحت 1,004 تربیت یافتہ شمار کنندگان پورے بلوچستان میں ڈیٹا جمع کریں گے، جس کے نتائج اگست 2025 تک مرتب کیے جائیں گے۔
زراعت اور لائیو اسٹاک پاکستان و بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، سرفراز بگٹی
4