اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ “اڑان پاکستان” منصوبہ نئے سال میں معیشت کے استحکام کے لیے نیک شگون ثابت ہوگا، اور اب ہمیں معاشی ترقی کی جانب قدم بڑھانا ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے دعا کی کہ نیا سال پاکستان اور عوام کے لیے خوشیوں کا سال ہو۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے سوا ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے اور معاشی استحکام حاصل کرنے کے بعد اب ہمیں ترقی کے لیے آگے بڑھنا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دسمبر میں اہداف حاصل کرنے میں کامیابی ملی، اور گورنر سٹیٹ بینک کی کوششوں سے خزانے میں 72 ارب روپے کے محصولات آئے، جو بہترین کارکردگی کی علامت ہے۔ ایف بی آر کی 100 فیصد ڈیجیٹائزیشن کی جانب بھی کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ پانچ ماہ میں ترسیلات زر 15 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، چینی کی سمگلنگ ختم ہوچکی ہے اور اب ہم چینی برآمد کرنے کے قابل ہیں۔ تیل کی سمگلنگ میں بھی کمی آئی ہے۔وزیراعظم نے سمگلنگ کے خاتمے کا کریڈٹ آرمی چیف کو دیتے ہوئے کہا کہ “ہم نے انسانی سمگلروں کے خلاف مل کر کارروائیاں کیں اور انہیں پوری طرح نکیل ڈالی ہے۔”
اڑان پاکستان منصوبہ نئے سال میں نیگ شگون ثابت ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف
6