واشنگٹن ( مانیٹر نگ ڈیسک)امریکا نے صدارتی انتخابات سے قبل غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں دو ایرانی اور روسی اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ان اداروں نے نومبر کے انتخابات سے پہلے امریکی عوام میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی۔ روس اور ایران کی حکومتیں جعلی ویڈیوز، خبروں اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے امریکی انتخابات میں مداخلت کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔امریکی حکام نے بتایا کہ روسی ادارہ “سینٹر فار جیو پولیٹکل ایکسپرٹیز” نے امریکی امیدواروں کے بارے میں غلط معلومات پھیلائیں اور مالی معاونت فراہم کی۔ ان میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ڈیپ فیک ویڈیوز بھی شامل تھیں۔ اس ادارے کے ڈائریکٹر پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں، جو روس کے ملٹری انٹیلی جنس ایجنٹوں کے ساتھ مل کر سائبر حملوں اور تخریب کاری کی نگرانی کرتے ہیں۔ایرانی ادارہ “کگنیٹیو ڈیزائن پروڈکشن سینٹر” بھی پابندیوں کی زد میں آیا ہے، جو سپاہ پاسداران انقلاب کا ذیلی ادارہ ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس ادارے نے 2023 سے امریکا میں سیاسی کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی اور مظاہروں کو بڑھاوا دینے میں ملوث تھا۔امریکا نے ایران پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ اس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سینیئر ارکان سمیت کئی اعلی امریکی عہدیداروں کے اکانٹس ہیک کرنے کی کوشش کی۔ روس اور ایران نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔
غلط معلومات پھیلانے کا الزام، ایرانی اور روسی اداروں پر پابندیاں عائد
8