کوئٹہ( اباسین خبر) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بہادر سپوت دشمن کے ناپاک ارادوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنیں گے۔انسداد دہشتگردی فورس کی پاسنگ آٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ وہ دلیر اے ٹی ایس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت ہر شعبے میں کی جا رہی ہے، لیکن ملک کے لیے خون بہانا عظیم لوگوں کا کام ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمارا دشمن بزدل بھی ہے اور چالاک بھی، جسے بھارتی خفیہ ایجنسی را فنڈنگ کرتی ہے اور اسے معصوم لوگوں کے قتل و غارت میں لگاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، کیونکہ آپ بندوق کے زور سے اپنا نظریہ مسلط نہیں کر سکتے، افواج اور جوان مل کر دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیں گے۔وزیر اعلی نے مزید کہا کہ دشمن کی خواہش تھی کہ ہمارا ٹریننگ سکول بند ہو جائے، لیکن وہ اب بھی چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے پارکوں اور ہسپتالوں پر حملے کیے، لیکن ہمارے سکیورٹی ادارے ان کے ارادوں کو خاک میں ملا دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ غازیوں نے ہمت اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے، اور یہ ریاست تاقیامت قائم رہے گی۔ آپ کو شاہراہوں اور اداروں کی حفاظت کرنی ہے اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں شکست دینی ہے۔وزیر اعلی نے اعلان کیا کہ اے ٹی ایف سکول میں سولر سرچ لائٹس اور تھرمل کیمرے نصب کیے جائیں گے، جن کی رینج دو سے ڈھائی کلومیٹر تک ہوگی۔ انہوں نے اے ٹی ایف سکول کے شہدا کے نام پر دو بلڈنگز کی تعمیر نو کرنے کا بھی وعدہ کیا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہدا نے ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کیا، اور ہم اپنے شہدا کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کی کفالت کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں کو 16 ویں جماعت تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔
بلوچستان کے سپوت دشمن کے ارادوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنیں گے: سرفراز بگٹی
7