کراچی ( اباسین خبر)صدر اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ پاکستان، مفتی تقی عثمانی نے مدارس رجسٹریشن ایکٹ کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل کی منظوری اور گزٹ نوٹیفکیشن کا اجرا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے دینی مدارس کو وزارتِ تعلیم کے بجائے وزارتِ صنعت و پیداوار میں رجسٹریشن کا اختیار بھی مل گیا ہے، جو ایک مثبت پیشرفت ہے۔مفتی تقی عثمانی نے مولانا فضل الرحمن اور سینیٹر کامران مرتضی کی کوششوں کو بہت ہی قابلِ احترام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل کی منظوری پوری قوم کے لیے خوشی کا موقع ہے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے بھی اس قانون کے مطابق اپنی قانون سازی کریں گے۔دوسری جانب، جمعیت علمائے اسلام ف کے سینیٹر کامران مرتضی نے مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کرنے پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے بنائے ہوئے قانون پر دستخط سے جے یو آئی کا موقف تسلیم کیا گیا ہے اور یہ مدارس کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔ سینیٹر کامران مرتضی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے مثبت کردار کی تعریف کی، اور کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور دینی مدارس کے قائدین کی کوششوں سے یہ معرکہ سر ہوا۔انہوں نے پورے ملک کے جے یو آئی کارکنان اور دینی مدارس کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔
مدارس رجسٹریشن ایکٹ کیلئے مولانا فضل الرحمٰن کی کوششیں قابلِ احترام ہیں: مفتی تقی عثمانی
6