اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ پاکستان اور چین کی عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق امور پر اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے گوادر میں بین الاقوامی معیار کے ائیرپورٹ کی تعمیر پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ گوادر ائیرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے اور اس کے لیے صوبے بلوچستان اور ملک بھر کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے نیو گوادر ائیرپورٹ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کو نیو گوادر ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ یہ ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے، جو اے 380 طیاروں کو ہینڈل کر سکتا ہے اور سالانہ 40 لاکھ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔ پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے ائیرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے، اور پاکستان کسٹمز نے ائیرپورٹ کو نوٹیفائی کر دیا ہے۔مزید براں، پی آئی اے نے کراچی اور گوادر کے لیے موجودہ فلائٹ آپریشن کے دورانیے کو جلد ہفتے میں تین بار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز 10 جنوری 2024 سے ہوگا۔ اس کے علاوہ، پاکستان کی نجی ائیرلائنز، چین، اومان اور متحدہ عرب امارات کی ائیرلائنز کے ساتھ گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔نیز، ائیرپورٹ پر کولڈ اسٹوریج، وئیر ہاسز، کورئیر سروسز، کارگو شیڈز، تکنیکی گرانڈ سپورٹ آلات، فیول فارمز، ہوٹلز اور شاپنگ مالز کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے، اور بینک برانچز کے قیام اور اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ گوادر ائیرپورٹ تک سڑک کے رابطے کو بہتر بنانے کے لیے ایسٹ بے ایکسپریس وے کا پہلا حصہ مکمل ہو چکا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور دیگر اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر عبدالعلیم خان نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہو کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گوادر کا نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ پاکستان چین دوستی کی نمایاں مثال ہے، وزیراعظم
4