اٹک( اباسین خبر)اٹک اور نوشہرو فیروز میں ٹریفک حادثات میں 16 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق، میانوالی سے راولپنڈی جانے والی بس فتح جنگ انٹرچینج کے قریب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق، حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دوسری جانب، نوشہرو فیروز میں ٹرالر اور وین کے درمیان تصادم میں 6 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق، یہ حادثہ مورو کے قریب پیش آیا۔ تمام افراد کا تعلق تگر برادری سے تھا اور وہ شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔ نعشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔اس کے علاوہ، بہاولپور میں قومی شاہراہ پر اعظم چوک کے قریب مسافر وین الٹنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، زخمیوں کو وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ مریم نواز نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
اٹک اور نوشہرو فیروز میں ٹریفک حادثات، 16 افراد جاں بحق، 26 زخمی
8