کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان سے 100 اور دنیا بھر سے 13 بچے بچیوں کو یوتھ کونسل کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان سمیت دنیا بھر سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا مشہود نے یوتھ پروگرام کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی، ایجوکیشن، اسپورٹس اور دیگر مختلف شعبوں میں کیٹگریز بنائی گئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ چند سالوں میں بلوچستان پاکستان کو لیڈ کرے گا۔رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور قومی یوتھ کونسل کا قیام شفاف طریقے سے عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ویژن ہمیشہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا رہا ہے اور قومی یوتھ کونسل میں مختلف شعبوں کے ماہر نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ وزیراعظم کی ٹیم نے دن رات محنت کرکے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ممکن بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پر اعتماد کی وجہ سے پوری دنیا کے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 8 ماہ کی حکومتی کارکردگی سب کے سامنے ہے اور 7 سال بعد دنیا نے پاکستان میں سرمایہ کاری شروع کی ہے۔ ملکی معیشت کے حوالے سے اچھے خبریں آ رہی ہیں اور پاکستان کا مثبت تشخص پوری دنیا کے سامنے اجاگر ہو رہا ہے۔
آنے والے دنوں میں بلوچستان، پاکستان کو لیڈ کرے گا، رانا مشہود
8