پشاور ( ابا سین خبر)جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایات کے باوجود مولانا فضل الرحمان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔اسلم غوری نے مزید کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا تحریک انصاف اور جے یو آئی کے درمیان فاصلے بڑھانے کی سازش کر رہے ہیں، کیونکہ گرینڈ اپوزیشن میں رکاوٹ ڈالنے سے حکومت اور غیر جمہوری قوتوں کو فائدہ ہو گا۔ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور تحریک انصاف کے گوربا چوف ہیں، اور پی ٹی آئی کو بیرونی نہیں بلکہ اندرونی سازشوں سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اپوزیشن اتحاد بننے کے قریب ہوتا ہے تو سازشی عناصر اپنا کام شروع کر دیتے ہیں۔اسلم غوری نے کہا کہ علی امین اپنی حکومت کو دوام دینے کے لیے اپوزیشن اتحاد سے خوفزدہ ہیں، اور پی ٹی آئی قیادت کو پارٹی کے اندر سازشیوں پر نظر رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ گنڈا پور نے علما کی تضحیک کرکے اپنی گھٹیا ذہنیت کا اظہار کیا ہے، کیونکہ علما کرام انبیا کے وارث ہیں اور ان کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔اسلم غوری نے آخر میں پی ٹی آئی سے یہ سوال کیا کہ علی امین گنڈا پور کا علما کرام کے بارے میں بیان ان کی پارٹی پالیسی ہے؟
علی امین گنڈا پور تحریک انصاف کے گوربا چوف ہیں: اسلم غوری
7