میانمار( مانیٹرنگ ڈیسک)میانمار کے وسطی حصے میں جمعے کو دوپہر کے وقت 7.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد 6.8 شدت کا آفٹرشاک بھی آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز سگائنگ شہر سے 16 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ اس قدرتی آفات کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں اور ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔زلزلے کے جھٹکے نہ صرف میانمار بلکہ بنکاک کے چٹوچک محلے تک محسوس کیے گئے، جہاں ایک زیر تعمیر فلک بوس عمارت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں 43 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں میٹرو اور ریل کی سروسز معطل کر دی گئیں اور کئی عمارتیں ہلتی ہوئی نظر آئیں۔چین کے صوبے یونان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جہاں شدت 7.9 بتائی گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بنکاک اور دیگر شہروں میں عمارتوں کو ہلتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ لوگ خوف کے عالم میں سڑکوں پر دوڑتے دکھائی دیے۔تھائی لینڈ کی وزیراعظم پیٹونگتھرن شنواترا نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، جبکہ چین کے ارضیاتی مرکز نے یونان میں 7.9 شدت کے زلزلے کی تصدیق کی ہے۔
میانمار اور تھائی لینڈ میں 7.7 شدت کا زلزلہ، بڑی تباہی کی اطلاعات
7