کراچی ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے نیوزی لینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ون ڈے ٹیم ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے بہتر ہے اور اس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ عاقب جاوید نے کہا کہ ٹیم میں شامل محمد رضوان، بابراعظم اور تجربہ کار بولرز کی وجہ سے ون ڈے ٹیم کا کمبی نیشن مضبوط ہے، جو اچھے نتائج دے گا۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی سیریز کی طرح، نیوزی لینڈ میں بھی بولنگ فرینڈلی پچز پر فاسٹ بولرز کی کامیابی کا امکان ہے اور حارث روف نے ان پچز پر خود کو ثابت بھی کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کنڈیشنز بہت چیلنجنگ تھیں، لیکن انہیں پورا یقین ہے کہ ان ہی پلیئرز کی پرفارمنس برصغیر کی پچز پر بہترین ہوگی۔ عاقب جاوید نے فخر زمان اور صائم ایوب کے آنے کے بعد پی ایس ایل کی کارکردگی کی بنیاد پر ایک مضبوط ٹی 20 ٹیم کے قیام کی امید بھی ظاہر کی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے کل نیپیئر میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 3 بجے شروع ہوگا۔ خراب موسم اور بارش کے باعث قومی ٹیم کی آپشنل انڈور پریکٹس ہوئی، جہاں بیٹرز نے تھرو ڈان پر بیٹنگ مشقیں کیں۔اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی، جس میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور کیوی کپتان نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
پاکستان کی ون ڈے ٹیم ٹی ٹوئنٹی سے بہتر اور کامیاب نتائج دے گی:عاقب جاوید کا دعوی
6