نیو یارک ( شوبز ڈیسک)برصغیر پاک و ہند کے مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین حسن عباس کو یوم پاکستان کے موقع پر نیویارک میں “اعتراف فن ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ حسن عباس گزشتہ 40 سال سے فنون لطیفہ کی دنیا میں اپنا لوہا منوا چکے ہیں اور موسیقی، کامیڈی، اسٹیج، ٹی وی، فلم اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے میدان میں ان کا بڑا مقام ہے۔حسن عباس نے اپنے فنی سفر کے دوران معروف موسیقار استاد نصرت فتح علی خان اور استاد غلام عباس کی شاگردی حاصل کی اور برصغیر کے مشہور قوال استاد غلام علی، استاد مہر علی، استاد شیر علی قوال کے ساتھ وقت گزارا۔ ان کے فن میں کلاسیکل میوزک، میوزک کامیڈی، پیروڈی، تاثرات کی اداکاری اور صداکاری کا بہترین امتزاج موجود ہے۔ان کے مداح نہ صرف برصغیر پاک و ہند بلکہ مشرق وسطی، فار ایسٹ، یورپ اور امریکا تک پھیلے ہوئے ہیں، جہاں گزشتہ 30 سالوں میں انہوں نے متعدد بار اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ حسن عباس کو “فنکاروں کا فنکار” بھی کہا جاتا ہے کیونکہ وہ اپنے فن سے نہ صرف عوام کو محظوظ کرتے ہیں بلکہ سینئر فنکاروں کے لیے بھی تفریح کا سبب بنتے ہیں۔یہ حسن عباس کو نیویارک میں ملنے والا دوسرا اعزاز ہے، اس سے قبل 2014 میں انہیں “مسٹر کامیڈی” کا خطاب بھی دیا گیا تھا۔
حسن عباس کو یوم پاکستان پر نیویارک میں اعتراف فن ایوارڈ مل گیا
5