کراچی ( ہیلتھ ڈیسک)پروٹین ہر عمر اور ہر شعبے کے افراد کے لیے ضروری ہے، چاہے وہ عورت ہو یا مرد، بچہ ہو یا بزرگ، طالب علم ہو یا ایتھلیٹ، مزدور ہو یا آفس ورکر۔ متوازن پروٹین کا استعمال ہر کسی کے لیے سودمند ثابت ہوتی ہے اور یہ انسانی جسم کی ضروری غذا ہے جو صحت اور تندرستی کو برقرار رکھنے کے ساتھ روزمرہ کے جسمانی اور ذہنی کاموں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔متوازن غذا صحت کی ضمانت ہے جس میں پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور چکنائی کا توازن ہونا ضروری ہے۔ پروٹین کا بنیادی کام جسم کی نشوونما اور دیکھ بھال ہے۔ ہمارے جسم میں زیادہ تر انزائمز پروٹین سے بنتے ہیں جو خوراک کو ہضم کرنے اور غذائی اجزا کو جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔پروٹین مدافعتی نظام کو بھی مضبوط بناتی ہے، کیونکہ اینٹی باڈیز اور مدافعتی خلیات پروٹین سے بنتے ہیں جو بیماریوں سے لڑنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ پروٹین پٹھوں کی مضبوطی میں مدد دیتی ہے اور جسم پر لگے چوٹ کو جلد ٹھیک کرنے میں معاون ہے، ساتھ ہی ہڈیوں کی بیماریوں کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ مزید یہ کہ پروٹین بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں مددگار ہے اور دل کے دورے، فالج اور گردوں کی بیماریوں سے بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔ہر انسان کے لیے پروٹین ضروری ہے، لیکن بچوں، بوڑھوں، کھیلوں میں حصہ لینے والوں اور ڈائٹ پلان پر عمل کرنے والوں کے لیے مناسب مقدار میں پروٹین کا استعمال اور بھی اہمیت رکھتا ہے۔
صحت مند زندگی کے لیے پروٹین ضروری غذا قرار
9