کراچی ( اباسین خبر)کراچی کے علاقے خیرآباد میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا شیر زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ منگھو پیر تھانے میں مقتول کے ماموں شوکت خان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق شوکت خان کو آبائی گائوں بٹگرام سے فون آیا اور عباسی شہید اسپتال پہنچنے پر بتایا گیا کہ ان کے بھانجے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔مقدمے میں بتایا گیا کہ مولانا شیر زادہ سحری کے بعد مومن آباد سے مسجد جانے کے لیے نکلے تھے، جب انہیں منگھو پیر کے 100 فٹ روڈ پر نامعلوم ملزمان نے قتل کر دیا۔جے یو آئی سندھ کے نائب صدر قاری عثمان کے مطابق مولانا شیر زادہ کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کی گئی۔ قاری عثمان نے کہا کہ مولانا شیر زادہ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے اور حکومت علما کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، سندھ حکومت کو علما کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
جمعیت علمائے اسلام کے شہید رہنما کی نماز جنازہ ادا، مقدمہ منگھو پیر تھانے میں درج
8