نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک)اقوامِ متحدہ کے عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں نے دنیا بھر میں لاکھوں اموات اور کھربوں ڈالرز کا نقصان کیا۔ 1970 سے 2021 تک موسمیاتی آفات سے دنیا بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ عالمی معیشت کو 4300 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا۔ڈبلیو ایم او کے سیکریٹری جنرل پروفیسر سیلیسٹے سالو نے اس بات کی نشاندہی کی کہ اگرچہ معاشی نقصانات میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن موسمیاتی آفات سے ہونے والے جانی نقصان میں کمی آئی ہے اور ہم زیادہ بہتر طریقے سے زندگیاں بچانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے 2024 میں درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ نوٹ کیا، جو موسمیاتی شدت میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 سال دنیا کی تاریخ کے گرم ترین سال رہے ہیں اور موسمیاتی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہیٹ ویوز کی شدت اور دورانیہ بڑھ رہا ہے، جبکہ طوفان، سیلاب اور سمندری طوفان بھی زیادہ تباہ کن ہو گئے ہیں۔ڈبلیو ایم او نے عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ملک موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا مقابلہ تنہا نہیں کر سکتا۔ عالمی تعاون اور پیشگوئی کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں سے 5 دہائیوں میں 20 لاکھ اموات اور 4300 ارب ڈالر کا نقصان، اقوامِ متحدہ
9