ممبئی ( سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل رانڈر عرفان پٹھان پر آئی پی ایل 2025 کے سیزن میں سنگین الزامات عائد کر دیے گئے ہیں اور انہیں کمنٹری پینل سے بھی باہر کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، آئی پی ایل 2025 کا آغاز ایڈن گارڈن کولکتہ میں ہوا، جہاں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان پہلا میچ کھیلا گیا۔ رنگارنگ تقریب میں جہاں تمام ٹیموں کے سٹارز نے شرکت کی، وہاں عرفان پٹھان کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی گئی۔بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ کمنٹری پینل میں عرفان پٹھان کا نام شامل نہیں تھا، حالانکہ وہ آئی پی ایل کی کمنٹری کا اہم حصہ رہے ہیں اور بے لاگ تبصروں کے باعث میڈیا میں مقبول ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، عرفان پٹھان کو بھارتی کرکٹرز کی شکایات پر کمنٹری پینل سے ہٹایا گیا ہے، جنہوں نے الزام لگایا کہ وہ جانب دارانہ کمنٹری کرتے ہیں اور مخصوص کھلاڑیوں کے خلاف ذاتی ایجنڈا چلاتے ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایک کرکٹر نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران دیے گئے ایک بیان کے باعث عرفان پٹھان کا نمبر بھی بلاک کر دیا تھا، جس کی وجہ سے تنازع میں شدت آئی۔ بی سی سی آئی کے عہدیدار اس صورتحال کو ناپسندیدہ سمجھتے ہیں اور پٹھان کی جانب سے مبینہ طور پر مخصوص کھلاڑیوں کو نشانہ بنائے جانے پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔
عرفان پٹھان پر آئی پی ایل 2025 میں سنگین الزامات، کمنٹری پینل سے فارغ
5