پیرس ( مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس کی گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پیرس کے جنوبی علاقے میں پولیس نے ایک گاڑی کا تعاقب کیا جو رکنے سے انکار کر رہی تھی اور جس پر شبہ تھا کہ ڈرائیور نشے میں ہے۔ پولیس کی گاڑیاں کئی کلومیٹر تک اس گاڑی کا پیچھا کرتی رہیں، لیکن گاڑی کے ڈرائیور نے قابو کھو دیا اور وہ ایک ٹریفک سگنل سے ٹکرا گیا۔ جیسے ہی پولیس اہلکار ملزم کو پکڑنے کے لیے گاڑی سے اترے، پیچھے آتی ایک اور پولیس گاڑی پہلی گاڑی پر جا چڑھی، جس کے بعد ایک شہری کی گاڑی بھی اس حادثے کا شکار ہوئی۔حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے گاڑی میں سوار 3 افراد کو گرفتار کر لیا جن میں سے 2 فرانسیسی شہری تھے اور وہ پہلے سے پولیس کو مطلوب تھے۔
پیرس میں پولیس کی گاڑیوں کا حادثہ، 10 اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی، 3 ملزمان گرفتار
24