اسلام آباد( اباسین خبر)انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کے دوران گرفتار پی ٹی آئی مظاہرین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ اس موقع پر ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوٹر راجہ نوید بھی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت جج نے کہا کہ ضمانتیں دائر کی جا چکی ہیں، ایک ہی وکیل کو بحث کرنے کی اجازت دی جائے۔ وکیل صفائی نے بتایا کہ ملزمان میں افغان اور پاکستانی شہری شامل ہیں۔ اس پر جج نے کہا کہ افغان شہریوں کو الگ کر دیا جائے۔ وکیل نے کہا کہ تمام افغان شہری قانونی طور پر پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اور ان کی تمام دستاویزات مکمل ہیں۔وکیل صفائی نے مزید بتایا کہ افغان شہریوں کی تعداد 146 ہے، جو کراچی کمپنی اور ترنول سے گھروں سے اٹھائے گئے تھے اور ان پر مشکوک برآمدگیاں ڈال کر گرفتار کیا گیا ہے، تاہم اس کے حق میں کوئی ویڈیو یا پرائیوٹ گواہ موجود نہیں ہے۔بعد ازاں، عدالت نے پی ٹی آئی مظاہرین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ڈی چوک احتجاج: گرفتار پی ٹی آئی مظاہرین کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ
4