لاہور( اباسین خبر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سال نو 2025 کے آغاز پر پاکستان کے عوام کے لیے خوشحالی کی دعا کی اور نئے سال کو ایک نئی شروعات اور روشن مستقبل کے آغاز کا عہد کرنے کا وقت قرار دیا۔اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ “نئے سال کے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، اور عوام کی خوشیوں، صحت اور جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت دعا گو ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ اس سال میں انفرادی اور اجتماعی طور پر نئی شروعات کرنے اور ایک روشن مستقبل کی جانب بڑھنے کا عزم کرتے ہیں۔مریم نواز نے عوام کی خدمت، حفاظت اور ترقی کے مشن کو آگے بڑھانے کا عہد کرتے ہوئے نواز شریف کینسر ہسپتال، سرگودھا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ، آٹزم سکول اور آئی ٹی سٹی کی تکمیل کے منصوبوں کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “دعا ہے سال نو وطن عزیز سے غربت و افلاس، دہشتگردی و انتہا پسندی اور جرائم کے خاتمے کا سال ہو۔”انہوں نے مزید کہا کہ “الحمدللہ 2024 میں تعلیم، زراعت، انرجی اور ہیلتھ سمیت ہر شعبے میں تاریخی اور ریکارڈ پراجیکٹ لائے ہیں، اور اب مزید آگے بڑھیں گے۔ ہم ایک مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں۔”وزیراعلی پنجاب نے سال نو کے آغاز میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شہادت حاصل کرنے والے جوانوں اور افسران کو سلام عقیدت پیش کیا، اور عہد کیا کہ وہ دن رات عوام کی خدمت کے لیے کام کریں گے۔ آخر میں، مریم نواز نے دعا کی کہ 2025 کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔
دعا ہے سال نو پاکستان کے عوام کیلئے خوشحالی کی نوید ہو: مریم نواز
6