اسلام آباد( اباسین خبر)وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اقتصادی پلان “اڑان پاکستان” کا افتتاح کر دیا، جو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور اعلی حکام نے شرکت کی، جن میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوارالحق، وزیراعلی پنجاب مریم نواز، گورنر خیبرپختونخوا اور گورنر بلوچستان بھی موجود تھے۔اڑان پاکستان: پائیدار ترقی کا روڈ میپ،یہ پروگرام پائیدار ترقی کے لیے ایک جامع روڈ میپ ہے، جس میں ڈیجیٹل معیشت، توانائی، انفراسٹرکچر، ماحولیات اور روزگار کے مواقع شامل ہیں۔ اس کا مقصد ملک کی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سنگین معاشی چیلنجز کے باوجود استحکام حاصل کیا۔ وزیراعظم نے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ریاست کو بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے ہیں، بشمول آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں پاکستان نے سنگین نقصانات کا سامنا کیا، اور اب ہمیں اپنے اقتصادی اہداف کو حاصل کرنا ہوگا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے مالی استحکام حاصل کیا ہے، اور افراط زر میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 24 سال بعد مالی سال میں سرپلس حاصل کیا اور اسٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی معیشت پر بوجھ ڈال رہی ہے، اور ہمیں اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے سماجی شعبے اور تعلیم پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام نے معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈالی، لیکن وزیراعظم کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ “اڑان پاکستان” پروگرام ایک جامع اقدام ہے جس سے ملک کی معیشت کو مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام معاشی ترقی کی کنجی ہے اور پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ہمیں منفی سیاست سے گریز کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم نے ملکی معیشت کے تاریخ ساز منصوبے اُڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کر دیا
8