کراچی ( اباسین خبر)بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں این ٹی ڈی سی کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 63 پیسے کمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ نومبر میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ منفی 63 پیسے رہا، جس سے صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ نومبر میں مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار زیادہ رہی، اور 7 ارب 22 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ پیداواری لاگت ریفرنس لاگت کے قریب آئی، اور اس دوران بجلی کی فروخت میں کمی آئی، جس کی بڑی وجہ سولرائزیشن ہے۔نیپرا کے چیئرمین نے این ٹی ڈی سی کو لاہور نارتھ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ حکام نے بتایا کہ یہ لائن اپریل تک مکمل ہو گی۔نیپرا نے این ٹی ڈی سی کے ترسیلی نظام میں لوڈ پیٹرن میں تبدیلی کی نشاندہی کی اور کہا کہ تحقیقات کی جائیں کہ لوڈ پیٹرن میں تبدیلی کی وجوہات کیا ہیں۔ چیئرمین نیپرا نے منصوبہ بندی میں خامیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اتھارٹی پالیسی سطح کے معاملات کی تحقیقات نہیں کر سکتی۔اس کے علاوہ، حکام نے ونٹر پیکیج پر بھی بریفنگ دی، جس کے تحت 26 دسمبر تک 8 لاکھ 28 ہزار 23 صارفین نے فائدہ اٹھایا، جن میں گھریلو، صنعتی، اور کمرشل صارفین شامل ہیں۔
بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان؛ صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ کا ریلیف ملے گا
5