کراچی ( اباسین خبر)مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کے خلاف قانونی گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں نامزد کامران قریشی کی جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی ہے۔سینٹرل جیل کراچی میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس کی عدالت میں تفتیشی افسر محمد علی نے ملزم کامران قریشی سے تفتیش کی اجازت طلب کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ منشیات کے مقدمے میں گرفتاری کے دوران ملزم کے موبائل سے ایک ویڈیو ملی، جس میں وہ پشاور سے اسلحہ لے کر آ رہا تھا، جو بعد ازاں پولیس مقابلے میں استعمال ہوا۔عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے 6 اور 7 اپریل کو تفتیشی افسر کو جیل میں تفتیش کی اجازت دی اور رپورٹ 8 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دیا۔اس سے قبل جوڈیشل کمپلیکس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں تفتیشی افسر نے پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں کامران قریشی کی گرفتاری کے لیے این او سی کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔کامران قریشی کی دہشتگردی ایکٹ کے تحت گرفتاری ڈال دی گئی ہے، جبکہ مصطفی عامر قتل کیس کا مرکزی ملزم ارمغان عرف آرمی پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے۔
مصطفی عامر قتل کیس: مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کی قانونی مشکلات بڑھ گئیں
5