اسلام آباد ( اباسین خبر)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن و دیگر کے خلاف پی ٹی آئی کارکن کی مبینہ ہلاکت پر مقدمہ کے اندراج کی درخواست کو خارج کر دیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے 22 اے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے گل خان کی درخواست مسترد کر دی۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں مظاہرین پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں اس کے بیٹے کی ہلاکت ہوئی۔ تاہم، درخواست گزار اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت عدالت میں پیش نہ کر سکا۔عدالت میں سماعت کے دوران وکلا نے اپنے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار کو پولیس کی جانب سے بنیادی قانونی حقوق فراہم نہیں کیے گئے، اور اس کے بیٹے کی لاش بھی دستخطوں کے بعد بڑی مشکل سے دی گئی۔ اس پر عدالت نے سوال کیا کہ کیا درخواست گزار نے قبر کشائی کے لیے درخواست دی تھی؟ وکیل نے جواب دیا کہ یہ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں تھا۔پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست میں وزیراعظم سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے، لیکن درخواست گزار کو پہلے یہ ثابت کرنا چاہیے کہ ہلاکت واقع ہوئی تھی۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، اور بعد میں درخواست کو مسترد کر دیا۔
پی ٹی آئی کارکن کی مبینہ ہلاکت پر وزیراعظم و دیگر کے خلاف مقدمہ کی درخواست خارج
3