وا شنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس نے بلوچستان میں ہونے والے ٹرین دہشت گرد حملے سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔ سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے دعوی کیا کہ بلوچستان میں ٹرین پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں سے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور را کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔گرپتونت سنگھ پنوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف خفیہ جنگی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے اور مودی کی حکومت صرف علاقائی خطرہ نہیں، بلکہ یہ عالمی سطح پر ایک دہشت گرد حکومت بن چکی ہے۔ ان کے مطابق، مودی حکومت عالمی سطح پر پرتشدد جبر میں مصروف ہے اور بھارت اپنے دفاعی نظریے کے تحت دہشت گرد کارروائیاں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ٹرین حملہ بھارت کے جارحانہ دفاعی رویے کا مظہر ہے، جس کا مقصد پڑوسی ممالک کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بیرونِ ملک مخالفین کے قتل، انتہا پسندی اور سرحد پار دہشت گردی میں ملوث ہے۔گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارت کے انٹیلی جنس آپریشنز پر سفارتی اور سیکیورٹی پابندیاں عائد کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ عالمی برادری بھارت کی خفیہ دہشت گرد کارروائیوں پر مزید خاموش نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر بھارت کا احتساب نہ کیا گیا تو ان کے اگلے حملے میں مزید معصوم جانیں ضائع ہوں گی۔
بلوچستان ٹرین حملے میں بھارت کا ‘را’ ملوث، عالمی برادری کارروائی کرے:سکھ فار جسٹس کا بیان بھی آ گیا
1